منگلورو15؍جون(ایس او نیوز)انڈین ریڈ کراس سوسائٹی جنوبی کینرا کے بلڈ بینک کا اپنا موبائل ایپ جاری ہوگا جس مقصد نوجوانوں کو بلڈ بینک کی سرگرمیوں سے جوڑنا ہے۔ انڈین ریڈ کراس سوسائٹی بلڈبینک کمیٹی کے چیرمین سشیل جاتھنّا نے بتایا کہ یہ ایپ اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور چند ہفتوں میں اسے لانچ کیا جائے گا۔انہوں نے ورلڈ بلڈ ڈونرس ڈے کے موقع پر وینلاک اسپتال میں منعقدہ ایک پروگرام میں بول رہے تھے۔
مسٹر سشیل نے بتایا کہ آج کل کے نوجوان موبائل کے استعمال میں پوری طرح مصروف ہیں۔ اس لئے ان تک پہنچنے اور خون کا عطیہ دینے کی طرف انہیں راغب کرنے کے لئے اس طرح کا ایپ ڈیزئن کیا گیاہے۔ اس کے علاوہ فیس بک اور وہاٹس ایپ گروپس کے ذریعے نوجوانوں تک پہنچنا ہمارا مقصد ہے۔چونکہ ایک صحتمند آدمی تین مہینے میں ایک بار اپنا خون عطیہ کرسکتا ہے اس لئے اس ایپ میں ایک ایسا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے جو ہر تین مہینے میں ایک بار الرٹ مسیج بھیجے گا۔مزید یہ بھی بتایا کہ جنوبی کینرا ضلع کے تما م تعلقہ جات میں بلڈ اسٹوریج سنٹرس قائم کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔جو مقامی اور دیہی ضرورتمندوں کو خون فراہم کرنے کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
24x7ہیلپ لائن : ضلع پنچایت سی ای او، سری ودیا نے بلڈ بینک کی ایک24x7ہیلپ لائن بھی لانچ کی۔ مسٹر سشیل نے بتایا کہ اس ہیلپ لائن سے عوام کو ریڈکراس بلڈ بینک اور ضلع جنوبی کینرا کے دوسرے بلڈ بینک میں موجود خون کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔ساتھ ہی اس ہیلپ لائن کے ذریعے عوام کویہ بھی بتادیا جائے گا کہ ان کے لئے جس گروپ والے خون کی ضرورت ہے وہ ان سے قریبی جگہ پر کہاں مل سکتا ہے۔اور اگر بالفرض کوئی مخصوص گروپ کا خون موجود نہیں ہے تب ریڈ کراس اسٹاف تمام ممکنہ کوشش کرتے ہوئے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے والوں سے رابطہ قائم کرکے اسے حاصل کرنے کی سعی کریں گے۔ لیکن اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں دی جاسکتی کہ مخصوص گروپ کا خون مل ہی جائے گا۔
اس موقع پر خون کا عطیہ دینے والے ایم ایچ کروناکر، بی ہری پرساد،روہن ، جان ڈی سلوا،یوگیش پجاری،سندیپ کے علاوہ انڈین ریڈ کراس سوسائٹی بلڈ بینک کمیٹی کے سابق چیرمین رونالڈ انیل فرنانڈیزکی تہنیت سی ای او سریودیا کے ہاتھوں کی گئی۔
خون عطیہ جمع کرنے کاموبائل یونٹ: اس موقع پر ڈسٹرکٹ سرجن ایچ آر راجیشوری دیوی نے کہا کہ وینلاک اسپتال اور آئی آر سی ایس بلڈ بینک کے اشتراک سے خون کا عطیہ جمع کرنے کا موبائل یونٹ شروع کیا جائے گا۔ اس ضمن میں ایک شخص نے ماروتی اومنی عطیہ دینے کی پیش کش کی ہے۔جسے موبائل بلڈ کلکشن یونٹ میں تبدیل کیا جائے گا۔اس یونٹ کے ذریعے خون جمع کرنے کے کیمپ چلائے جائیں گے۔اگر کوئی ادارہ، سرکاری دفتر یا پرائیویٹ تنظیم اپنے احاطے میں خون کا عطیہ دینے کے لئے کیمپ رکھتی ہے تو پھرہم اپنا یہ یونٹ وہاں بھیجیں گے اور خون حاصل کرلیا جائے گا۔